• news

گوادر: ٹیکس فری زون 

بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیدیا اور وفاقی حکومت سے گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ گوادر میں سروسز، ایکسائز اور جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس عائد نہیں ہو گا۔ وفاقی حکومت ضلع گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دے۔ گوادر کو ٹیکس فری زون دینے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔ اس سے جہاں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا وہیں معیشت کی بہتری کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔ چین کے تعاون سے جاری منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جس سے چین اور پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے دوسرے ممالک بھی بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ اسے ملک میں بیرونی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے راہداری کے طور پر بروئے کار لایا جائے۔ اس منصوبے سے بیرونی منڈیوں تک رسائی آسان ہوئی اور لوگوں کو سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی میسر آرہے ہیں۔ سب سے بڑھ کریہ کہ صوبہ بلوچستان کو اس سے فائدہ ہو رہا ہے جو سیاسی مسائل کے الجھنے کی وجہ سے محرومیوں کا شکار رہا ہے۔ حکومت بلوچستان کا گوادر کو ٹیکس فری زون بنانے فیصلہ ملکی اور قومی مفاد میں بہترین اقدام ہے ۔ وفاقی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ بلوچستان حکومت کی سفارش منظور کرتے ہوئے ضلع گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دے۔ پاکستان کی اس نئی معاشی ہب سے اسی وقت بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے جب اس منصوبے سے منسلک معاشی سرگرمیوں میں جو بہتری لائی جا سکتی ہے اسے بہرصورت عملی جامہ پہنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن