• news

عدلیہ کارگردگی مظاہرے کے بعد بہتر، الیکشن سے پہلے فیصلہ کرنا ہوگا معیشت چاہیے یا ہنگامے : فضل الرحمن 


لاہور + گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان سے اب کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو سکتی، اگر جب کوئی آرمی ہاﺅس اور جی ایچ کیو پر حملہ کرے گا تو آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا۔ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف کے متبادل دروازے کھلے ہیں۔ الیکشن کب ہوں گے؟ یہ پی ڈی ایم کا متفقہ فیصلہ ہوگا، الیکشن کا فیصلہ کرنے سے پہلے دیکھنا ہوگا ملک کو نئے ہنگاموں کی بھینٹ چڑھانا ہے یا معیشت کو کھڑا کرنا ہے؟۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر گئے۔ بڑے بھائی سردار محمود صادق کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہوگا قانون حرکت میں آئے گا۔ مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھاکہ آئندہ عام انتخابات سے ہی معیشت کی بہتری ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم آئندہ انتخابات میں صرف علاقائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ فورا الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ مولانا نےعمران خان سے کسی قسم کی بات چیت کرنے سے مکمل انکار کر دیا اور کہاکہ ان سے نہ پہلے مذاکرات کررہے تھے اور نہ اب کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ عدالت کوکرنا ہے اگر عدالت سمجھتی ہے پابندی ہونی چاہیے تو خس کم جہاں پاک۔

ای پیپر-دی نیشن