ای سی سی، گوادر ائر پورٹ سمیت مختلف منصوبوں کیلئے گرانٹ، 49 ادویات کی قیمت منظور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ریڈیوپاکستان اور اے پی پی کیلئے خطیر گرانٹ منظور کر لی گئی۔ وزیرخزانہ نے ریڈیوپاکستان کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریڈیوپاکستان اور اے پی پی کیلئے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈیوپاکستان کو 36 کروڑ روپے کی گرانٹ ملے گی جبکہ پی اے پی کیلئے 34 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیرخزانہ نے ریڈیوپاکستان کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کے پنشنرز کے مسئلے کے حل کیلئے کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنشنرز کا مسئلہ 3 سے 4 روز میں حل کیا جائے۔