• news

معاشی معاملات میں مہارت ہے نہ مداخلت کرینگے : چیف جسٹس 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کے الیکٹرک نجکاری کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کے الیکٹرک نجکاری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معاشی معاملات میں ہمیں مہارت نہیں، لہذا اس میں مداخلت نہیں کریں گے، اسی لئے آپ چاہیں تو متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے وکیل درخواست گزار رشید رضوی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ویسے بھی پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184 کی شق تین سے متعلق دو قوانین بنائے ہیں۔ پرانے مقدمات اس لیے سماعت کے لئے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں لائیو ایشو ہے؟ ایڈووکیٹ صلاح الدین نے بتایا کہ کے ای ایس سی لیبر یونین کے خلاف درخواست بھی آئی ہے جس پر جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ وہ کیس اس وقت ہمارے سامنے نہیں ہے۔ وکیل درخوست گزار نے کسی آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں، ججز دستیاب نہیں ہوں گے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آئندہ ہفتے ججز متعلقہ رجسٹریوں میں ہوں گے، ہدایات لے لیں، کیس کی سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس

ای پیپر-دی نیشن