پلاسٹک اشیاءکے استعمال پر پابندی عائد، پولی تھین بیگ انسانی و جنگلی حیات کیلئے خطرہ: محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس میں پلاسٹک کی اشیاءکے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے عوام سے پلاسٹک سے بنی اشیاءکا استعمال ترک کرنے کی اپیل کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ماحولیات کے عالمی دن پر پلاسٹک کی آلودگی کو شکست دینے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پلاسٹک بیگ نہ صرف انسان بلکہ جنگلی حیات اور جنگلات کیلئے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔محسن نقوی نے پھالیہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی غفلت برتنے والے ڈرائیور کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔