• news

عدم ادائیگی، ٹاؤن ہال کی بجلی منقطع، افسروں نے اے سی کیلئے لاکھوں کا ڈیزل جلا ڈالا

لاہور (رپورٹ: محمد علی جٹ سے) میٹر وپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کے مرکزی دفتر میں گزشتہ دس دنوں سے کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع ہونے کے باعث مخصوص افسران کے کمرے ٹھنڈے رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا ڈیزل بے دری سے استعمال کیا جانے لگا۔ چھوٹے ملازمین گرمی اور حبس کے موسم میں اندھیرے کمروں میں بیٹھنے پر مجبور، دفتری امور بند ہونے کی وجہ سے سائلین خوار، ارباب اخیتار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایم سی ایل کے مرکزی دفتر ٹائون ہال کی تقریبا 15کروڑ روپے بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کے باعث گزشتہ تقریبا دس روز سے  منقطع ہے جس سے دفتری امور درہم برہم ہوکر رہ چکے ہیں مگر چند مخصوص افسران کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے 100کے وی اور 200کے وی کے دو جنریٹر کا مسلسل استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان جنریٹرز میں 35لیٹر تیل فی گھنٹہ کے حساب سے استعمال ہوتا ہے، اگر دفتری اوقات کے مطابق آٹھ گھنٹے جنریٹرز چلے تو یومیہ 280 لیٹر 70840روپے کا ایندھن استعمال ہوتا ہے اور اس حساب سے گزشتہ دس دنوں میں تقریبا 708400روپے صرف چند افسران کو اے سی کی سہولت دینے پرخرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ چھوٹے ملازمین پنکھے اور بلب کی سہولت سے بھی محروم ہیں۔  اس حوالے سے ایم سی ایل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل کی ادائیگی کے لیے کمشنر /ایڈمنسٹریٹر لاہور کو اپرول کے لیے لیٹر بھیج دیا گیا ہے، منظوری ہوتے ہی بجلی بحال ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن