پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے تعاون کو فروغ د یا جائیگا، مسعود خان
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد ملک کے مفادات اور بہتر پاک امریکہ تعلقات کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا اس سے ہماری آنے والی نسلوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پا کستانی سفیر نے یہ بات میری لینڈ میں واقع پاکستان فارم ہاؤس میں پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن کی پیشہ ورانہ اور سیاسی زندگیوں میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیاں پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کرتی ہیں۔تارکین وطن کے ان کی مادر وطن کے ساتھ مضبوط روابط اور امریکہ میں کمیونٹی کی طرف سے پاکستانی ثقافت کو پیش کرنے کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔مسعود خان نے پاکستان میں مختلف کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے تارکین وطن کی سرمایہ کاری اور خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے تمام ممکنہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔