چلڈرن ہسپتال میں مار پیٹ کے خلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری‘ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور‘ اوکاڑہ (نامہ نگار + خبر نگار) اوکاڑہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں ڈاکٹروں سے مار پیٹ اور مطالبات پورے نہ ہونے پر ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی پانچویں روز بھی ہڑتال جاری رہی۔ تمام ہسپتالوں کی او پی ڈی مکمل طور پر بند مریضوں اور ان کے لواحقین کو پریشانی کا سامنا۔ اوکاڑہ ڈسٹرکٹ ہسپتال سمیت ضلع بھر کی ہسپتالوں میں مطالبات کے حق میں پانچویں روز بھی ہڑتال جاری ایمرجنسی کے علاوہ تمام شعبہ جات بند دور دراز سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو پریشانی کا سامنا پانچویں روز بھی مریض اور ان کے لواحقین مایوسی کے عالم میں گھروں کو واپس چلے گئے۔ ڈاکٹر برادری کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر سکیورٹی بل قومی اسمبلی سے منظور کروایا جائے۔ اگر ڈاکٹروں کے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں غیر قانونی طور پر ہڑتال کر رکھی ہے۔ ہائیکورٹ نے ڈاکٹرز کو ہڑتال سے روک رکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ہڑتال کر کے ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف وزری کر رہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ڈاکٹرز کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دے عدالت فوری ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کرنے کا حکم دے۔