• news

سمندری حدود میں داخل ہونے والے ترکیہ کے بحری جہاز عملے کا جسمانی ریمانڈ

  کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے والے ترکیہ کے بحری جہاز کے گرفتار عملے کے 8 افراد کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ایف آئی اے نے ترکی کے بحری جہاز کے انڈونیشیا اور مصر سے تعلق رکھنے والے عملے کے 8 افراد کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ترکی جہاز بغیر اجازت پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوا تھا۔ جہاز کے عملے کے پاس کوئی قانونی اجازات نامہ نہیں تھا۔ جہاز کے عملے کے ایک رکن کے پاس پاسپورٹ تک موجود نہیں تھا۔جہاز اور اس کے عملے کو 29 مئی 2023 کو گڈانی کے قریب سے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے تحویل میں لیا تھا۔عدالت نے مصر اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو 15 جون تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن