فیروزوالہ:بیمار ، لاغر،پانی ملے مضر صحت گوشت کی مہنگے داموں فروخت
فیروز والہ(نامہ نگار) اربن ایریامیں پانی ملے مضر صحت گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری۔شہریوں کے مطابق اکثر قصاب مبینہ طور پربلا خوف و خطرہ بیمار اور لاغر جانوروں کا پانی بھرا گوشت فروخت کر کے کھلم کھلا انسانی زندگیوں سے کھیلنے کا دھندہ کر رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں اور بعض قصاب اپنے جانوروں کو ذبح کرنے کیلئے صاف ستھری جگہ لے جانا بھی گوارہ نہیں کرتے، شہریوں نے بتایا کہ شہر کے ہر قصاب کا الگ ریٹ ہے اگر کوئی صارف مضر صحت گوشت مہنگے داموں فروخت کرنے پر احتجاج کرتا ہے تو قصاب اسے بے عزت کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ مضر صحت اور مہنگے داموں گوشت کی فروخت پر شہریوں نے متعدد بار انتظامیہ کو توجہ دلائی ہے مگر کسی بھی ذمہ دار کے کانوں پر جوں نہ رینگنا لمحہ فکریہ سے کم نہیں پانی بھرے اور بیمار جانوروں کا گوشت کھانے سے سینکڑوں شہری پیٹ کی موذی امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ بعض قصابوں کے پھٹوں کے ارد گرد لوہے کی جالیاں نہ ہونے کی وجہ سے بھی تمام دن مکھیاں گوشت پر بھنبھناتی رہتی ہیں اور ٹریفک کی وجہ سے اڑنے والی زہریلی گرد بھی گوشت سے چمٹی رہتی ہے مارکیٹ میں فروخت کیلئے لائے جانے والے گوشت کو چیک کرنا ویٹرنری ڈاکٹر اور انتظامیہ و فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے جس کی انجام دہی میں شدید کوتاہی برتی جارہی ہے۔ شہریوں نے گوشت کے معیار اور ناپ تول کے پیمانوں کو چیک کرنے کا مطالبہ کیاہے۔