• news

کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، عمران کیخلاف غداری کیس کا وکیل جاں بحق

اسلام آباد‘ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں ائرپورٹ روڈ عالمو چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہے، جہاں پر وکلا کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ  کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس  لیا اور آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ واقعہ کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ دوسری جانب کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے نامعلوم افراد کی فائرنگ  سے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے قتل پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی و سول عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا۔ جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل کے قتل کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وکیل عبدالرزاق کے قتل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا۔ کوئٹہ میں وکیل عبدالرزاق شر کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے، جو بار کے سرگرم رکن تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایک کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف آج سنگین غداری کے کیس کی سماعت ہونی تھی۔ کیس کے وکیل اور درخواست گزار کو آج ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اگر جیل میں ہوتے تو یہ واقعہ نہ ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن