• news

محسن نقوی کی ہدایت پر مفلوج افراد کے علاج کیلئے پراجیکٹ کا آغاز

لاہور (نیوز رپورٹر)  حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کے علاج اور بحالی کے لئے حکومت پنجاب کا انقلابی قدم، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر کیلئے Paralegic سروسز پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا جہاں ٹریفک اور دیگر حادثات میں چوٹ لگنے سے مفلوج ہونے والے افراد کا علاج ممکن ہوگا۔ پیرالیجک ری ہیبلیٹیشن سنٹر میں فالج کے خطرے سے دوچار زخمی مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ فوری علاج سے مریض کے مفلوج ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا۔ پہلے مرحلے میں قائم ہونے والے 5 پیرالیجک ری ہیبلیٹیشن سنٹرز میں پہلی مرتبہ ٹراما سپائنل کارڈ سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔  محسن نقوی کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں صوبہ بھر میں ایک حب سنٹر اور چار سیٹلائٹ مراکز پر Paralegic سروسزمیسر ہوں گی۔ ملتان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں حادثات میں مفلوج افراد کے لئے خصوصی مرکز قائم کیا جائے گا۔ لاہور کے سمن آباد ہسپتال، فیصل آباد جنرل ہسپتال میں Paralegic سروسز میسر ہوں گی۔ واہ کینٹ اور تونسہ کے ٹی ایچ کیو میں بھی Paralegic سروسزکا آغاز کیا جائے گا جہاں مختلف انواع کے حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کا فوری علاج کیا جائے گا۔ سپائنل کارڈ انجری کی صورت میں بحالی کے لئے پیرالیجک ری ہیبلیٹیشن سنٹر پر جدید فزیو تھراپی مشینیں بھی میسر ہوں گی۔ سنٹرز پر معذوری کا شکار افراد کی بحالی کے لئے مصنوعی اعضا کی ورکشاپ قائم ہو گی۔ مصنوعی اعضا کی ورکشاپ کو آؤٹ سورس کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے شجاع آباد کے علاقے راجہ رام میں زیادتی کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ مقامی پولیس نے ملزم شہباز کوگرفتارکر لیا۔ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ملزم قانون کے تحت کڑی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ محسن نقوی نے راجن پور کے علاقے روجھان میں 2 متحارب گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا اورایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن