عراقی وزیرداخلہ سے ویزا آسان بنانے پر مذاکرات، نجف میں قونصل خانہ کھولیں گے: بلاول
اسلا م آباد/راولپنڈی / بغداد (خصوصی نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری سے بغداد میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور عراقی وزیر داخلہ نے عوامی تعلقات میں اضافے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستانی زائرین اور تاجر برادری کیلئے عراقی ویزے میں آسانی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول سپیکر محمد ریکان الحلبوسی سے بھی ملے تعلقات اور دو طرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان اعلی سطح پارلیمانی روابط ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کیلئے اہم ہیں۔ اسلامی سپریم کونسل کے سربراہ حمام حمودی سے ملاقات کی۔ صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق مذہب اور روایات کے بندھن میں بندھے بہترین دوست ممالک ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق برادر ممالک ہیں جو مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں سے منسلک ہیں، مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے ذریعے اپنے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ پاکستانی اور عراقی تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اور عراقی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران ہم نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں عراق کے ساتھ تعاون اور پانی کے انتظام اور زراعت میں مہارت کے اشتراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تعاون کے نئے اور اختراعی خیالات کو تلاش کرنے کا عزم کیا ہے جس میں کنیکٹیویٹی، بندرگاہوں کے رابطے اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں۔ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہم نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کے لچکدار نظام اور کاروباری وفود کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔ زائرین کے متعلق مفاہمت نامے کا مقصد زائرین کی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے قانونی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔ یہ بات باعث مسرت ہے کہ عراق نے نجف میں قونصل خانہ کھولنے کی ہماری درخواست پر اتفاق کیا ہے، یہ مثبت پیش رفت دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو مزید بلندیوں تک لے جائے گی۔ آئی ٹی، فوڈ سکیورٹی، توانائی، تعمیرات اور ادویات سمیت پانچ ترجیحی شعبوں میں تعاون اور باہمی سرمایہ کاری کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سرمایہ کاری اور منصوبوں میں ہم پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند انسانی وسائل کو استعمال کرنے پر زور دیں گے۔ مجھے اس شاندار تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور عراقی تاجروں کی تنظیم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر حاضری دی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا شیخ عبدالقادر جیلانی کی درگاہ کے سجادہ نشین شیخ خالد عبدالقادر المنصور الجیلانی نے استقبال کیا اور مزار کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے لیے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار کی نئی جالی کو خصوصی طورپر کھولا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور چادر رکھی۔ وزیر خارجہ نے امام موسیٰ کاظم کے روضہ مبارک پر بھی حاضری دی۔ بلاول بھٹو نے امت مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔بلاول بھٹو زرداری نے بغداد میں نئے پاکستانی سفارتخانے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عراقی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ بھی ہمراہ تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بغداد میں پاکستانی سفارتخانے کی تعمیر خوش آئند ہے۔