• news

عمران اور حواریوں کو ہیروز کی توہین کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا: رانا ثنا

باغ (سرفراز احمد سے+ اے پی پی) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر یکجان دو قالب ہیں۔ بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔ پاکستان میں قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ سرکشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے پوری منصوبہ بندی شامل تھی۔ عمران خان اور اس کے حواریوں کو قومی ہیروز کی توہین کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پریس کانفرنسز کر کے لاتعلقی کا اعلان کرنے والے بھی منصوبہ بندی میں ملوث ہوئے تو سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ باغ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کا انعقاد غیر جانبدار، شفاف اور منصفانہ چاہتے ہیں۔ ٹھپہ لگانے والوں کو ٹھپ دوں گا۔ کسی کو ضمنی الیکشن میں طاقت کے زور پر دھونس دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی باغ کی تحصیل ہاڑی گیل میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے راجہ فاروق حیدر خان، شاہ غلام قادر سمیت دیگر مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگر پاکستان میں عدلیہ کے ایما پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کو دیکھ کر حیرت ہو رہی ہے۔ سابق دور میں ہم نے انہی عدالتوں سے سزائیں کاٹی ہیں۔ مئی جون کے مہینے جیلوں کی گرمی میں گزارے۔ میاں نواز شریف کو ناکردہ گناہ کی سزائیں دی گئیں۔ مگر ہم نے ملکی عزت و وقار پر آنچ نہیں آنے دی۔  بہت جلد پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہو گی اور میاں نواز شریف وزیراعظم بنیں گے۔ نواز شریف نے پہلے بھی آزاد کشمیر کے مسائل کو حل کیا، بجٹ میں اصافہ کیا۔ اے پی پی کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بغاوت اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے عمران خان اور اس کے ٹولے کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک سازش رچائی گئی۔ اس وقت کی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ نے ترقی کا سفر روک دیا۔ محمد نواز شریف کو جوڈیشل سازش کے ذریعہ نااہل کیا گیا۔ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے فتنہ خان کو مسلط کیا۔ 2014 میں اسلام آباد میں لانگ مارچ ، 126 دن کا دھرنا، سول نافرمانی کی بنیاد رکھی۔ تھانوں پر حملے کر کے ملزموں کو چھڑایا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں کے نام لے کر دھمکیاں دیں۔ پونے چار سال پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں کوئی ڈویلپمنٹ کا منصوبہ پی ٹی آئی کے دور میں نہیں بنا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں پر ہیں؟۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ فرح گوگی کو تحفے دئیے گئے۔ 12ارب کی غیرقانونی ٹرانزیکشن اس کے اکائونٹ میں ہوئی ہے۔ 190ملین پائونڈ کے بدلے میں فتنہ خان نے 7ارب کی کمیشن لے کر القادر ٹرسٹ کی زمین حاصل کی ہے۔ عمران خان نے  جعلی پلستر چڑھا کر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے بغاوت کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے آپ کو ریڈلائن قرار دلوایا۔ اس بیانیے کے ساتھ گرفتاری پر حملوں کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تا کہ عدلیہ میرے خلاف کارروائی نہ کر سکے۔ جب کرپشن کے مقدمے میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو آئندہ منصوبے کے تحت ریاست پرحملہ کیا گیا۔ فوج اور ریاست پر حملہ کرنے کے بعد کہا جا رہا تھا کہ سیاسی احتجاج ہے، یہ بغاوت تھی۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہائوس میں توڑ پھوڑ کی گئی اور عمارت کو آگ لگا دی گئی۔ دفاعی تنصیبات پر یلغار، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ ایسا کرنے والے ملک دشمن ہی ہو سکتے ہیں۔ پھر ان پر آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو یا کس قانون کے تحت ہو۔ پی ٹی آئی تمام حدیں عبور کر چکی ہے، اب انہیں اس بغاوت کا جواب دینا ہو گا۔ اس پر کوئی معافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا اور سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا۔ اتنا مشکل وقت گزارا لیکن آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔ منصوبہ بندی  سے آگ لگانے والوں کو ریلیف مل رہا ہے۔ عمران خان نے اسمبلیاں توڑ کر ایک ساتھ الیکشن کی روایت کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے اس کوشش کو بھی ناکام بنایا۔ پی ٹی آئی کے 34ٹکڑے ہوئے ہیں۔ کچھ میاں نواز شریف کے ساتھ، کچھ پیپلز پارٹی اور کچھ دیگر کے ساتھ جائیں گے۔ سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ 8جون کو (ن) لیگ کا ووٹ بینک واپس ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم محمد نواز شریف کی آمد کے منتظر ہیں۔ کوہالہ ہل پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن