• news

پاکستان کو تنہا کرنے کی چالیں، بھارتی کرکٹ بورڈ خود پریشانی کا شکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کو تنہا کرنے کی چالیں خود بی سی سی آئی کیلئے پریشانی کا سبب بن رہی ہیں کیونکہ پاکستان بھارت میچ کی آمدنی ٹورنامنٹ کی مجموعی آمدنی کا 30فیصد ہے۔ اگر پاکستان بھارت نہیں جاتا تو ٹورنامنٹ پر اثر پڑ سکتا ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے پیسے کے بل بوتے پر پاکستان کیلئے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے آپشن محدود کردیئے ہیں، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی پالیسی معاملات پر وزیراعظم ، وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے بھی رہنمائی لینے پر غور کررہے ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کیساتھ 2025آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو بھی بچانا چاہتا ہے۔ بھارتی سپانسرز اور بی سی سی آئی حکام دیگر ایشیائی ملکوں کیساتھ مل کر پاکستان کو تنہا کررہے ہیں،بھارتی بورڈ ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ایشیاکپ  ملتوی کرسکتا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل اس سال پاکستان کو ٹورنامنٹ کی میزبانی سے دستبردار ہونے اور اسے بنگلہ دیش کو دینے کی تجویزپر بھی غور کررہی ہے لیکن اس صورت میں ایشیا کپ سری لنکا میں کرایا جائیگا ۔ نجم سیٹھی کئی دنوں سے خاموش اوراے سی سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ نجم سیٹھی جلد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ انہیں بھارت کے بارے میں پالیسی بنانے کیلئے رہنمائی مل سکے، ضرورت پر نجم سیٹھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن