ای سی سی : ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی ضمنی گرانٹس منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ای سی سی اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزارت ہا¶سنگ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب روپے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ وزارت ہا¶سنگ کیلئے 14 ارب 80 کروڑ روپے، کیبنٹ ڈویژن کیلئے 5 ارب روپے، پاور ڈویژن کیلئے ایک ارب 77 کروڑ‘ وزارت تعلیم و تربیت کیلئے 3 ارب 96 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ جاری مالی سال میں وزارت انسداد منشیات کیلئے 130 ملین روپے‘ انسداد منشیات فورس کے آپریشنل اخراجات کیلئے 8 ملین روپے اور جاری مالی سال میں بجٹ شارٹ فال سے نمٹنے کیلئے ریونیو ڈویژن کیلئے 6 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی۔