فیض سمیت عمران کے تمام سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں آنا چاہئے : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیض سمیت عمران کے تمام سہولت کاروں کو کٹہرے میں لانا چاہئے۔ امریکی ملٹری امداد رکوانا ملک دشمنی ہے۔ اگر ملک میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، اگر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی، دفاعی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانا پی ٹی آئی کا مشن ہے۔ امریکی ملٹری ایڈ رکوانا پاکستان دشمن ایجنڈا ہے۔ پاکستان دشمن ایجنڈے کے آلہ کاروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ تاریخ گواہ ہے کہ کوئی غدار، سازشی اور فارن ایجنٹ اپنے جھوٹ، فریب، دھوکے اور پروپیگنڈے سے ہر وقت ہر کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکتا۔ اربوں روپے کی فارن فنڈنگ اسی مشن کے لئے کی گئی، اسی فارن فنڈنگ سے ملک کے اندر اور باہر آئینی و دفاعی اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ سائفر اور 9 مئی ایک ہی سازش کے دو مرحلے ہیں، سائفر کے نام پر امریکا کے خلاف پروپیگنڈا اور 9 مئی کے بعد امریکا سے مدد کی بھیک، عوام سب جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی سخت شرائط اور پھر پی ٹی آئی کی طرف سے خلاف ورزی اسی ایجنڈے کا حصہ تھا تاکہ پاکستان کو اہم قومی مفادات پر جھکنے پر مجبور کیا جا سکے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے بجٹ میں آئی ٹی، زراعت، یوتھ پروگرام، ایکسپورٹ ڈریون، سولرائزیشن کا پورا سٹرکچر دیا تھا، اس دفعہ اس کا ایجنڈا یہ ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے، دولت امیر طبقے سے غریبوں کی طرف منتقل ہو، جن چیزوں کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، اس کا ریلیف براہ راست عوام تک پہنچے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن اشیاءکی قیمتیں کم ہوئیں جیسے آٹا، گندم، کوکنگ آئل، پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں ہیں، پہلے ہم نے کسان پیکج دیا، اب اس کی دوسری قسط میں برآمدات، آئی ٹی، انرجی اور پاور کا سیکٹر، سولرائزیشن، نوجوانوں کے لئے بہت بڑا پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے، اس حوالے سے حتمی تجاویز کے لیے اجلاسوں کی صدارت وزیر اعظم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک میں معاشی استحکام آہی نہیں سکتا جب تک کہ وہاں سیاسی استحکام نہ ہو، معیشت کا استحکام براہ راست سیاسی استحکام سے جڑا ہے، یہ دونوں چیزیں آپس میں باہم منسلک ہیں۔ ایجنڈے کے تحت پاکستان کے قریبی‘ بااعتماد اور ہمیشہ کام آنے والے دوست ممالک کو ناراض کیا گیا۔ بیرونی میڈیا میں جاری نام نہاد انسانی حقوق کی مہم بھی دراصل اسی مذموم ایجنڈے کا تسلسل ہے تاکہ پاکستان کی عالمی امداد رکوائی اور فوج کے ادارے کو دبا¶ میں لایا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سمیت جو جو بھی اس مشن کے اندر سہولت کار رہا ہے‘ ابھی ہے اور آئندہ ہو گا‘ ان سب کو قانون کے کٹہرے میں آنا چاہئے۔
مریم اورنگزیب