جنرل ہسپتال میں ضلعی و تحصیل کی نرسز کیلئے انفیکشن روک تھام پر تربیتی ورکشاپ
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا ہے کہ بیماریوں کے پھیلاو¿ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ عوامی شعور کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے وارڈز،آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریز سمیت مختلف جگہوں کو انفکیشن سے پاک رکھا جائے تاکہ مریض جلد از جلد صحت یاب ہوں اور بیماریاں مریضوں اور ہسپتال سٹاف میں منتقل نہ ہوں۔ اس امر سے نہ صرف علاج معالجے پر آنے والے اخراجات کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ بیڈز پر موجود مریضوں کی شرح بھی کم کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈی ایچ کیو(DHQ)اور ٹی ایچ کیو (THQ) ہسپتالوں کی نرسنگ سٹاف کیلئے انفکیشن کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک ماہ سے جاری تربیتی کورس کے اختتام پر سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت پاکستان کے سربر راہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر جودت سلیم،ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈاکٹر آمنہ آصف،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر عبدالعزیزاورڈاکٹرز و نرسز بڑی تعداد میں موجود تھے ۔تقریب کے اختتام پر نرسز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔