نگران حکومت محکمہ بلدیات میں دیرپا اصلاحات کیلئے کوشاں ہے:ابراہیم مراد
لاہور(خبرنگار)نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ اس محکمے کا شہریوں سے تعلق ان کی پیدائش سے لے کر موت تک ہوتا ہے۔ میونسپل سروسز کا معیار بہتر کرنے اور انہیں شہریوں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے محکمہ بلدیات کو رول ماڈل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران حکومت مختصر مدت میں دیرپااصلاحات کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں بہتر ی لائی جا سکے۔ وہ الحمرا میں لوکل گورنمنٹ رضاکاروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ نگراں وزیر بلدیات نے بتایا کہ شہریوں کی روزمرہ شکایات کے جلد ازالے کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کیا جا رہا ہے۔ شکایات کے فوری اندراج کیلئے عنقریب ہیلپ لائن 1198 کا اجراءکیا جائے گا۔ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے یہ سسٹم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ اس نظام میں مختلف سطحوں پر شکایات کے ازالے کیلئے ٹائم لائن مقرر کی جائے گی۔ مقررہ وقت میں شکایت دور نہ کرنے پر اعلی سطح کا افسراس کا شکایت کا نوٹس لے کر اسے دور کرے گا۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ رضا کار پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ہزاروں نوجوانوں نے اپنی رجسٹریشن کروائی ہے۔