• news

کسی غیر کے ایجنڈے کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں تحفظ قرآن و ناموس رسالت سیمینار بعنوان احترام انسانیت،مذہبی ہم آہنگی و رواداری،تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے انعقاد پذیر ہوا جس کی صدارت سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور /چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے،ہم اپنے ملک کو انتشار سے پاک پاکستان بناناچاہتے ہیں اور کسی غیر کے ایجنڈے کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔ وطن عزیز پاکستان میں امن،اخوت،محبت،بھائی چارے،مذہبی ہم آہنگی رواداری اور قومی یکجہتی کی فضاء کو قائم کرنا ہم سب علماء کرام کی ذمہ داری ہے۔پاکستان میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسلام ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے،اسلام اور آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔توہین مذہب کی آڑ میں کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ حالیہ واقعات میں جس شدت پسندی کا مظاہر ہ کیا گیا اور قانون کو جوہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شرپسند عناصر کو فوری طورپر گرفتا ر کر کے سزا دے۔سیمینار میں علماء کرام و مشائخ عظام نے کثیر تعداد میں شرکت کی آخر میں پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن