• news

عمران آئی ایم ایف معاہدہ کی پاسداری کرتے تو معیشت کا جہاز نہ ڈوبتا: شاہد خاقان

چیچہ وطنی (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش معاشی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ملک شدید معاشی بحران میں مبتلا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری سابق وزیر اعظم عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔ اگر وہ آئی ایم ایف کے معاہدے کو حتمی شکل دیتے اور طے کردہ معاہدے کی پاسداری کرتے تو آج پاکستان کی معیشت کا جہاز ڈوبا نہ ہوتا۔ ملک کو درپیش مشکلات میں مبتلا کرنے میں عمران خان اور اس کی ٹیم نے کلیدی کردار ادا کیا۔ 2018 کے انتخابات میں اگر ن لیگ کا مینڈیٹ نہ چرایا جاتا تو آج ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو تا۔  بڑھتی ہوئی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی گزشتہ چار سالوں میں تحریک انصاف کی ناقص کارکردگی کی بدولت ہے۔ ہمارے دور اقتدار میں کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، سابق چیئرمین ضلع کونسل ساہیوال چوہدری زاہد اقبال سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی افتخار نذیر چوہدری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو ہونے والے شرانگیز واقعات نے تحریک انصاف کا اصل چہرہ عوام کے سامنے نمایاں کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن