اسد عمر و دیگر کے خلاف دہشت گردی دفعات کیس 26 جون تک ملتوی
اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے الیکشن کمشن فیصلے کے خلاف احتجاج پر اسد عمر اور علی نواز سمیت نو ملزمان کے خلاف درج مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست پر سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور علی نواز اعوان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسد عمر کے وکیل بابر اعوان کے ملک سے باہر ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر کیس سے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے سے متعلق درخواست پر فریقین دلائل دیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس پر فیصلے کے خلاف احتجاج پر اسد عمر، علی نواز اعوان، ملک عامر محمود، ساجد محمود، جمشید محبوب سمیت 9 ملزمان کے خلاف تھانہ سنگجانی میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔