ہائیکورٹ نے توشہ خانہ تفصیلات پیش کرنے کیلئے چھٹیوں کے بعد مہلت دے دی
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے توشہ خانہ کی تفصیلات اور تحائف دینے والے ممالک کا ریکارڈ پیش کرنے کیلئے چھٹیوں کے بعد تک مہلت دے دی۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میں نے یہ ریکارڈ ہر صورت عدالت میں طلب کرنا ہے۔ وہاں جو جو غلط ہیں وہ سامنے ضرور آئے گا۔ وفاقی حکومت کی 1990ء سے 2001ء کی توشہ خانہ کی تفصیلات اور تحائف دینے والے ممالک کا ریکارڈ پبلک کرنے کے سنگل بنچ کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پراگریس ہے کہاں ہیں ریکارڈ؟سرکاری وکیل نے کہا کہ ایک ماہ تک کا وقت دیا جائے۔ ریکارڈ ڈھونڈنا ہوگا، اس معاملے میں دو کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ عدالت نے حکومت سے 1947ء سے 2001ء تک کا توشہ خانہ کا مکمل ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔