شیخوپورہ: عدالت نے احکامات پر عملدرآمد نہ کرانے پر ڈی پی او کی تنخواہ بند کر دی
شیخوپورہ+ فیروزوالہ (نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسیم احمد نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کروانے پر ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت کی تنخواہ غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی اور ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر کو حکم دیا کہ اس ہدایت پر عمل کر کے سات روز میں عدالت میں پیش کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ فاضل جج کی عدالت میں ایک خاتون سے زیادتی کا مقدمہ ملزم اصغر علی کے خلاف زیر سماعت ہے جو ایک سال قبل زیر دفعہ 376ت پ کے تحت تھانہ فیکٹری ایریا میں درج ہوا تھا جس کا ریکارڈ پیش نہ کرنے اور اس بارے میں دیگر عدالتی احکامات پر بار بار تاکید کرنے کے باوجود تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے عملدرآمد نہ کروایا جس پر ڈی پی او کی تنخواہ غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دی گئی۔