دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ قصور سے ملحقہ پراپرٹی پر کمرشل دکانات کا افتتاح
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈی پی او قصورطارق عزیز سندھوکے ہمراہ دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ قصور سے ملحقہ پراپرٹی پر کمرشل دکانات کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف لیڈر شپ تعمیر و ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف گامزن ہے۔ تاریخی مساجد و مزارات تہذیبی اور تعمیراتی ورثہ ہیں۔ اِن کی حفاظت کیلئے حکومت پوری طرح مستعد ہے جبکہ زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی محکمہ کا بنیادی فرض ہے۔ محکمہ اوقاف درباروں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ریونیو کے حصول کیلئے کمرشل پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ دربار شریف سے ملحقہ تعمیر شدہ کمرشل دکانوں سے محکمہ کو گڈول کی مد میں ایک کروڑ روپے اور کرایہ کی صور ت میں ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدنی حاصل ہوگی۔ بابا بلھے شاہؒ کے احاطے میں لائبریری، لنگر خانہ، وضو خانہ کی تعمیر و دیگر ترقیاتی امور اور زائرین کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ سیکرٹری اوقاف اور ڈی پی اوقصور نے مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا مانگی۔