ایشینز چیمپئنز ٹرافی ‘تربیتی کیمپ کیلئے 45کھلاڑیوں کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی تشکیل اور تیاری کیلئے 45 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا اعلان کردیا گیا۔ پی ایچ ایف نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کی نئی مینجمنٹ کا بھی اعلان کردیا۔ کرنل (ر) عمر صابر منیجر تعینات جبکہ اولمپین ریحان بٹ اور اولمپین محمد ثقلین کوچنگ پینل میں شامل کرلئے گئے۔چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین کلیم اللہ خان کی سفارشات پر مشتمل سمری پر صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی حتمی منظوری کے بعدکھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بلایا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سینئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کردیا۔ کرنل(ر) عمر صابر پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے منیجر تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ کوچز پینل میں اولمپین ریحان بٹ، اولمپین محمد ثقلین، اولمپین دلاور حسین، عبدالحسیم خان انٹرنیشنل شامل ہیں۔ گول کیپنگ کوچ کی ذمہ داریاں عبدالغفور انٹرنیشنل نبھائیں گے۔ محمد شاہد فزیوتھراپسٹ ہونگے جبکہ فزیکل ٹرینر آرمی سے حاصل کیا جائیگا۔ ایشین چیمپینز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلہ میں قومی ہاکی تربیتی کیمپ 12 جون سے لاہور میں ہوگا۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی 3 تا 12 اگست بھارت کے شہر چنائے میں کھیلی جائیگی۔