پاکستانی حکومت، سٹیک ہولڈرز سے قریبی راوبط، کسی تنازعہ پر فریق نہیں بننا چاہتے : امریکی وزیرخارجہ
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی حکمرانوں سے تعلقات میں توازن پر زور دیا ہے۔ انٹونی بلنکن نے 60 سے زائد امریکی قانون سازوں کے خط کا جواب دے دیا جس میں انہوں نے انسانی حقوق اور جمہوریت پر سمجھوتہ کئے بغیر پاکستانی حکمرانوں سے متوازن خوشگوار تعلقات پر زور دیا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے پاکستان میں تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور روابط کے ساتھ آزادی اظہارِ رائے اور سیاسی شمولیت پر اہم خدشات بھی اجاگر کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری حقوق کا احترام کرنے والا خوشحال، جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ حکومت پاکستان اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے قریبی روابط برقرار رکھتا ہے۔ انٹونی بلنکن نے کہا جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی سب کے لیے یکساں رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکا جلد ختم نہ ہونے والے کسی تنازعہ میں فریق نہیں بننا چاہتا۔ واضح رہے کہ 60 سے زائد امریکی قانون سازوں نے انٹونی بلنکن کو 16 مئی کو خط بھیجا تھا جس میں پاکستان میں جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا تھا۔