بھارتی وزیر کھیل کی یقین دہانی ، خواتین ریسلرز کامظاہرے ملتوی کرنے کا اعلان
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) بھارت میں احتجاجی خواتین ریسلرز نے وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کے بعد مظاہرے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ خواتین ریسلرز نے وزیرکھیل کےساتھ 6گھنٹے طویل ملاقات کی جس کے بعد احتجاج 15 جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ خواتین ریسلرز کا کہنا ہے کہ نئی دہلی پولیس 28مئی کو ریسلرز کےخلاف درج ایف آئی آر واپس لے گی، اگر حکومت نے مطالبات پورے نہیں کیے تو پھر سے مظاہرے پر غور کریں گے۔ وزیرکھیل انوراگ ٹھاکرنے کہا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کےخلاف 15جون تک تحقیقات پوری کر کے چارج شیٹ داخل کر دی جائےگی۔ 30جون تک ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے انتخاب ہوں گے، ریسلنگ فیڈریشن کی ایک داخلی شکایت کمیٹی تشکیل کی جائےگی جس کی صدارت ایک خاتون کرےگی۔