بجٹ اعدادوشمار ، اعلانات روایتی ،مجموعی گروتھ نہیں بڑھے گی:پرویز حنیف
لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اقدامات تجویز کئے بغیر 9200ارب روپے کا ٹیکس ہدف کیسے حاصل کیا جائے گا جو ظاہر کرتا ہے کہ پہلے سے ٹیکس دینے والوں کی ہڈیاں بھی نچوڑی جائیں گی۔ زراعت ، سروسز اور دیگر بہت سے ایسے شعبے ہیں جنہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے پیشرفت ہی نہیں کی گئی۔ بجٹ ملک میں قیمتی زر مبادلہ لانے والے برآمدی شعبوں کو کیا ریلیف دیا گیا ہے ؟۔ آئندہ مالی سال کیلئے پیش کئے گئے بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ اعدادوشمار اور اعلانات روایتی ہیں جس سے مجموعی گروتھ نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نان ٹیکس پیئر کی گردان کو چھوڑا جائے جو پاکستان میں کمائی کرتا ہے اس کی آمدن کے حجم کے مطابق ٹیکس لیا جائے۔ سروسز میں لاکھوں ،کروڑوں کمانے والے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں ۔لیکن اس کے برعکس کوئی شخص انڈسٹری لگا کر روزگار دینے کا ذریعہ بنتا ہے تو اس کے لئے نہ صرف ٹیکسز کی بھرمار ہے بلکہ درجنوں محکمے اسے تنگ کرنے کیلئے پہنچ جاتے ہیں ،زراعت ، سروسز اور دیگر شعبوں کو کیوںٹیکس نیٹ میں نہیں لایا جاتا۔ملک کو اس وقت زرمبادلہ کی ضرورت ہے لیکن سٹیٹ بنک برآ مد کنندگا ن کے سرپر مختلف سرکلرز جاری کر کے تلوار لٹکا دیتا ہے ۔ بجٹ میں برآمدی شعبوں کو کیا ریلیف دیا گیا ہے جس سے ہماری برآمدات بڑھ سکیں۔