مشکل کا شکار شہریوں کو ریلیف نہ ملا تو تمام ترقیاں‘ انفراسٹرکچر لا معنی :آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کا دورہ کیا اور زیر تربیت افسران و اہلکاروں سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے اپنے تمام تربیتی اداروں کو جدید سہولیات، اضافی وسائل، اپ گریڈ نصاب سے آراستہ کیا ہے اور ٹریننگ کورسز میں پولیسنگ اور مینجمنٹ کےساتھ کریکٹر بلڈنگ اینڈ گرومنگ، سپورٹس و تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا شامل ہیں۔ گذشتہ سوا چار ماہ میں پولیس پروموشنز، ویلفیئر اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ریکارڈ کام کئے گئے ہیں۔ مشکل کا شکار شہریوں کو تھانوں میں اگر ریلیف نہ ملا تو یہ تمام ترقیاں، ویلفیئر اور انفراسٹرکچر لا معنی ہیں، تھانے آنے والے ہر مظلوم کو اپنے گھر کے فرد کی طرح عزت دیں، خلوص نیت سے مسئلے کا ازالہ یقینی بنائیں۔ دوران ڈیوٹی مقدمات کا سامنا کرنے والے اہلکاروں کی مدد کیلئے لیگل ایڈ فنڈ شروع کیا ہے تاکہ افسر یا اہلکار مالی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سی آئی اے کا دائرہ کار بین الاضلاعی سطح تک بڑھا رہے ہیں، پہلے جزا پھر سزا میری پالیسی کا بنیادی جزو ہے، سزاو¿ں کیلئے ڈسپلن میٹرکس کا نظام رائج کیا ہے۔ اصل لیڈر شپ آنے والی نسلوں کےلئے نئے لیڈرز تیار کرنا ہے جو ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ پولیس شہدا کے تمام بچوں کو ملازمتیں اور ورثا کو گھر دیئے،2017 سے پہلے کے 64 شہدا کے خاندانوں کو بھی گھر دینے کا بھی انتظام کر لیا گیا ہے۔ 700 کروڑ روپے کی لاگت سے گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی میں جدید ترین لوکل سافٹ ویئر کے ذریعے سیف سٹی منصوبے شروع کر رہے ہیں، سینئر ٹریفک وارڈنز کو امتحانات اور میرٹ کی بنیاد پر ڈی ایس پی رینک تک پروموٹ کر رہے ہیں۔ ٹریننگ کالجز اور سکولوں کو 30 لاکھ انعامات کی مد میں دے چکے، مزید 70 لاکھ دیں گے۔ اگر یقین محکم اور عمل پیہم رہا تو سارا عالم فتح کر سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیڈی پولیس افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیئے، ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے انسٹرکٹرز،دفتری سٹاف اور عملے کو بھی انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے زیر تربیت افسران اور اہلکاروں کو پانی پلانے والے لانگری حامد کو ایک لاکھ روپے انعام دیاہے۔