حکومت اقتصادی استحکام لانے کیلئے طویل مدتی پالیسیاں وضع کر رہی ہے،احسن اقبال
لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں اقتصادی استحکام لانے کے لئے طویل المیعاد پالیسیوں کے ساتھ ساتھ حقیقت پسندانہ اہداف بھی مقرر کئے ہیں،حکومت نے بجٹ میں نئے ٹیکس عائد کرنے کی بجائے ٹیکس کے دائرئہ کار کووسعت دینے اور محصولات کی چوری میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے لئے بلوچستان کے حصے میں اضافہ کیا ہے۔سرکاری شعبے کا ترقیاتی پروگرام بنیادی طور پر برآمدات، مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے،ماحولیات اور توانائی کے شعبوں کے لائحہ عمل پر مبنی ہے جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو اور بحالی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے کے پروگرام کے بجٹ کا 60فیصد حصہ جاری ترقیاتی منصوبوں اور 40فیصد نئی سکیموں کے لئے مختص کیا گیا ہے۔