دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے قوم متحد اور بیدار ہے: مرکزی مسلم لیگ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، وکلاءاور تاجر رہنماو¿ں نے مرکزی مسلم لیگ کی عظیم الشان اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد اور بیدار ہے۔ وطن عزیز کو کمزور اور عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں گے۔ اتحاد کانفرنس جیسا اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ عوام الناس خیبرپختونخوا کے ہر شہر میں کریں گے۔ پختون عوام محب وطن ہیں، ان کی محرومیاں ختم کریں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں۔ ملکی مسائل کا حل باہم مذاکرات سے نکالا جائے۔ ایف سی چوک صدر میں ہونے والی اتحاد کانفرنس میں مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے کارکنان سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اتحاد کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، محمد اعظم چوہدری، مولانا محمد طیب طاہر پنج پیر، مولانا طیب قریشی، ڈاکٹر عطاءالرحمن، پیر گوھر شاہ، محمد فیصل ندیم، سیف اللہ خالد، عدیل عامر،سید یوسف شاہ، مولانا فضل الرحمان، عبدالبصیر رستمی، مولانا عمر بن عبدالعزیز، عارف یوسف ایڈووکیٹ، مولانا الیاس فدا، مولانا سید معرفت حسین شاہ، مولانا معراج الدین سرکانی ودیگر نے خطاب کیا۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک کو انتشار کی سیاست میں دھکیلا گیا ہے، ملک کو اس انتشار سے بچانے اور پرامن ریاست بنانے کے لیے واحد ذریعہ اتحاد ہے۔ چند برسوں میں ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا گیا، ملکی اداروں کے سامنے کھڑے ہونے کی بجائے افہام و تفہیم سے مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔ نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم نےاتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کراچی، کوئٹہ، لاہور کے بعد اب پشاور میں اتحاد کانفرنس منعقد کر کے قومی جماعت ہونے کا ثبوت دیا۔