• news

پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں پھر بھی گراﺅنڈ زیرو بن چکا : شیری رحمن


اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سبب نہیں اس کے باوجود ہم ماحولیاتی تبدیلی کا گراونڈ زیرو بن چکے ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا کہ خیبر پی کے اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 29 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہوا، جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے بروقت کارروائیاں قابل تحسین ہیں، سندھ کے بعد پنجاب اور خیبر پی کے میں مون سون سے پہلے ہی طوفانی ہواں، شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی قابل تشویش ہے، آندھی، طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے انسانوں، مویشیوں، کھڑی فصلوں، کمزورعمارتوں اور کچے گھروں کوشدید نقصان ہو رہا ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو مزید ماحولیاتی واقعات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم نے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے بھی پیشگی ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
شیری رحمن

ای پیپر-دی نیشن