کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کرنا ہو گی‘ 4 مزید کمپنیوں کی ضرورت: گورنر سندھ
کراچی (این این آئی) کراچی کو چار مزید پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ضرورت ہے۔ بجلی صارفین کو بجلی کم ترین نرخوں پر دی جائے اور انہیں بہترین سروس بھی فراہم کی جائے۔ یہ تجویز گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انرجی اپڈیٹ کے زیر اہتمام انرجی کرائسز اینڈ وے فارورڈ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے دی۔ تقریب کی میزبانی گورنر ہاﺅس سندھ نے کی۔ گورنر نے بتایا کہ شہر کے بجلی کی تقسیم کے نظام پر کے الیکٹرک کی اجارہ داری کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی پاور کمپنی کے ذریعے سات اضلاع پر مشتمل اور 20 ملین سے زیادہ آبادی والے شہر کو بجلی فراہم کرنا غلط منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید پاور کمپنیوں کو شہر کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں زیادہ پاور کمپنیاں ضلع کی بنیادوں پر شہر میں کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ کراچی والوں کو گرمیوں میں بجلی کی مسلسل بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گورنر سندھ