• news

حساس گرجاگھروں پرپولیس کی اضافی نفری سمیت سنائپرز تعینات 


لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں کی حفاظت کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،لاہور پولیس مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کیلئے بھرپور سکیورٹی مہیا کر رہی ہے۔ لاہور میں گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے پولیس ہائی الرٹ ہے۔حساس گرجاگھروں پرپولیس کی اضافی نفری سمیت اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پرچیکنگ کاسلسلہ مسلسل جاری ہے۔ لاہور پولیس کے افسران نے گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات پرسکیورٹی انتظامات خود چیک کئے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آریو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف میں مسلسل موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔ افسران وجوان مسیحی برادری کی حفاظت کیلئے مسلسل الرٹ اورشرپسندعناصرپرکڑی نظررکھے ہوئے ہیں۔اس کےساتھ ساتھ جدیدآلات کی مدد سے مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کویقینی بنایاجا رہا ہے۔ندیم کامران بشپ آف لاہور، چرچ آف پاکستان نے کہاکہ مسیحی عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی کی فراہمی پر لاہور پولیس اورسی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ کاخصوصی شکریہ اداکرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی عبادات اوردیگر تقریبات کے موقع پر لاہور پولیس پوری ذمہ داری کےساتھ گرجاگھروں کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیتی ہے۔اتوارکے روز گھرجا گھر میں عبادت کیلئے آئے مسیحی بھائیوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گرجاگھروں میں اتوار کے روز عبادت کیلئے آنے والے افراد کی حفاظت کیلئے لاہورپولیس کے جوان نہایت ذمہ داری سے اپنی ڈیوٹی اداکرتے ہیں۔ہم ہر اتوارکو عبادت کیلئے چرچ جاتے ہیں،خداوند کا شکر ہے کہ سکیورٹی کے انتظامات نہایت اطمینان بخش ہوتے ہیں، سکیورٹی پر تعینات لاہورپولیس کو دیکھ کرتحفظ کااحساس ہوتا ہے،لاہورپولیس زندہ باد۔

ای پیپر-دی نیشن