انسداد جرائم سے ترقیوں کا حقیقی فائدہ عوام الناس کو پہنچائیں:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد سنٹرل پولیس آفس میں کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر افسران نے فیصل آباد ریجن کے 20 اور شیخوپورہ ریجن کے 22 افسران کو نئے عہدے کے رینک لگائے ۔ عزت افزائی کی تقریب میں اہل خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے محکمانہ ترقی پر انسپکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے بھرپور محنت اور فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ در حقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے، لہذا تمام افسران نئے عہدے کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت ، فرض شناسی اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں۔ بہترین کمانڈر کے طور پر ماتحت ان کےساتھ زیادہ وقت گذاریں ، انکی ضروریات کا خیال رکھیں، اچھی کارکردگی کیلئے ہر ممکن راہنمائی کریں۔ خوش اخلاقی ، حسن سلوک اور خدمت خلق کے جذبے کےساتھ ملک و قوم کی خدمت اور حفاظت کریں۔ پچھلے چار ماہ کے دوران ہر رینک اور فیلڈ فارمیشنز میں ریکارڈ ترقیاں دی گئیں ، ترقیوں کا یہ سفر جاری رہے گا۔ اعلی کارکردگی، بہتر رویے اور انسداد جرائم سے ان ترقیوں کا حقیقی فائدہ عوام الناس کو پہنچائیں، ظالموں ، ڈکیتوں، راہزنوں، منشیات فروشوں بدمعاشوں اور عوام کے درمیان سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں۔