برآمدی صنعتوں کی نمائش عالمی سطح پر موثر تشہیر کیلئے نا گزیر ہیں:اعجاز الرحمان
لاہور(کامرس رپورٹر) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ برآمدی صنعتوں کی نمائشیں عالمی سطح پر موثر تشہیر کیلئے نا گزیر ہیں ،عالمی نمائشوں میں شرکت اور اپنے ملک میں اس طرز کے ایونٹس کا انعقاد صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کیلئے سود مند ثابت ہوتے ہیں ،رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقدہ عالمی نمائش پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے تقویت کا باعث بنے گی ، قوی امید ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان بھرپور تکنیکی اور مالی معاونت کرے گی جبکہ پنجاب حکومت سے بھی تعاون کی درخواست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل ، قالینوں کے ڈیزائنوں کے عالمی رجحان سمیت رواں سال پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا کہ عالمی نمائشوں کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہر سال دنیا بھر سے خریدار اور مندوبین عالمی نمائشوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں اور ان ایونٹس کے دوران ہی بڑے پیمانے پر خریداری کے سودے ہوتے ہیں ،یہ نمائشیں نہ صرف مختلف ممالک کی مصنوعات کی تشہیر بلکہ برآمدات کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔عالمی نمائشیں صنعتوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک کو اپنی مصنوعات دنیا کو دکھانے کے لیے ایسی نمائشوں کے انعقاد کی زیادہ ضرورت ہے اس لئے حکومت کے متعلقہ ادارے اس سلسلہ میں پالیسی بنائیں جس سے ہماری برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت صرف 40 سے 50 عالمی نمائشیں منعقد کی جاتی ہیں جو نا کافی ہیں۔پاکستان کو ہر سال کم از کم 200 عالمی نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں تحرک پیدا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت اس وقت شدید زبوں حالی کا شکار ہے اس لئے حکومت سے اپیل ہے کہ سرپرستی کرے تاکہ یہ صنعت دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑی ہو کر ملک کے لئے پہلے کی طرح قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال اکتوبر میں 4سے 6اکتوبر تک لاہور میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے حکام سے اپیل ہے کہ وہ اس نمائش کی کامیابی کے لئے نہ صر ف تکنیکی بلکہ مالی معاونت فراہم تاکہ عالمی خریداروں اور مندوبین کو اس نمائش میں شرکت کے لئے راغب کیا جا سکے۔پنجاب حکومت سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا تعاون پیش کرے۔