• news

ایشیا کپ ورلڈ کپ: بھارتی کرکٹ بورڈ نے گھٹنے ٹیک دیئے، پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل منظور

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی کوششیں رنگ لے آئیں ‘بھارت سمیت دیگر بورڈز نے پاکستان کا تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل ایشیاکپ 2023 ء کیلئے قبول کرلیا۔ ایشیاکپ 2023 ء میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائیگا، جس کے میچز کی میزبانی پاکستان ہی کریگا تاہم حتمی اعلان ایشین کرکٹ کونسل کرے گی۔پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم فی میں کریگا جبکہ بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، اگر ایونٹ کے فائنل میں بھارتی آتی ہے تو فائنل بھی لنکن سرزمین پر ہوگا۔ایشیاکپ میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان نے موقف اپناتے ہوئے بھارتی ٹیم کیلئے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا کہ وہ اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیل لیں تاہم بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل بھی ماننے سے انکار کردیا تھا جس پر پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دو ٹوک موقف پیش کرتے ہوئے واضح کیا تھا ہم بھارت میں شیڈول ورلڈکپ نہیں کھیل سکتے کیونکہ ہمارے کھلاڑیوں کو وہاں مسائل ہیں۔ رواں ہفتے کے اختتام پر ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان متوقع ہے جبکہ ٹورنامنٹ کیلئے یکم سے 17 ستمبر تک کی ونڈو رکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ اگر ایشیاکپ میں پاکستان شرکت نہیں کرتا تو براڈکاسٹرز کے بیک آف کر جانے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان بھارت میچز کے باعث خطیر رقم ملنا تھی۔دوسری جانب پاکستان کے ورلڈکپ 2023 میں بھارت نہ جانے کی دھمکی کے باعث شیڈول تاخیر کا شکار ہے تاہم ہائبرڈ ماڈل منظور ہونے کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان میگا ایونٹ کیلئے بھارت جائیگا۔بھارتی کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ورلڈکپ میچ کے مقام کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اب بھارت کے احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں بھارت کیخلاف کھیلنے پر راضی ہوگیا ہے، ایشیاکپ پر پاکستان کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل ماننے کے بعد پاکستان نے بھی لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت میں ورلڈکپ میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ یہ 2016 ء کے بعد پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور بھارت بھارتی سرزمین پر آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان کے ورلڈکپ کے زیادہ تر میچز چنئی اور حیدرآباد میں ہوں گے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ 2023 کا ہائی وولٹیج مقابلہ 15 اکتوبر کو شیڈول ہے تاہم ابتدائی اطلاعات میں میچ کے مقام کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کل منگل کو ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا باضابطہ اعلان کریگی تاہم ہائبرڈ ماڈل کے قبول ہونے کے بعد پاکستان کو بھی اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کھیلنے جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔امکان ہے کہ آئندہ ہفتے ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن