• news

سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا دورہ، شکایت سیل کے انچارج کو ہٹانے کا حکم 

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ملتان اور فیصل آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے ملتان اور فیصل آباد کے کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹس جلد فنکشنل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بند فلٹریشن پلانٹس مخیر حضرات کے تعاون سے فنکشنل کئے جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے فیض پور انٹرچینج موٹر وے کے قریب بس الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بعض افسر اور عملہ دفتر میں موجود نہیں تھا جبکہ ایئر کنڈیشنر چل رہے تھے۔ محسن نقوی عملے کی غیر حاضری پر سخت برہم ہوئے اور شکایت سیل کے سربراہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ افسر اور عملے کی غیرموجودگی میں ایئرکنڈیشنڈ چلانا قومی وسائل کا ضیاع ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ شکایت سیل میں سائلین سے فون پر گفتگو کی اور مسائل سنے۔ محسن نقوی نے سائلین کو مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شکایت سیل میں شہریوں کے مسائل ایک ٹائم فریم کے اندر حل کئے جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ”اب گاﺅں چمکیں گے“ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب میں یونین کونسلز میں وارڈز کی سطح پر صفائی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ ہر گاﺅں میں سینٹری ورکرز صفائی ستھرائی کا کام کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن