• news

جہانگیر ترین استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف ، علیم خان صدر، عامر کیانی سیکرٹری جنرل مقرر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے عہدیداروں کا اعلان کر دیا گیا، عبدالعلیم خان استحکام پاکستان پارٹی کے صدر مقرر ہو گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جہانگیر ترین نے عہدیداروں کا اعلان کیا، جس کے مطابق عامر کیانی پارٹی کے سیکرٹری جنرل، عون چودھری مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اور پارٹی ترجمان ہوں گے۔اپنے پیغام میں جہانگیر ترین نے کہا کہ عون چودھری بطور پیٹرن انچیف میرے بھی ترجمان ہوں گے، پارٹی کے مزید عہدیداروں کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔علاوہ ازیں استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین لندن پہنچ گئے۔استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کے بعد جہانگیر ترین کا یہ لندن کا پہلا دورہ ہے۔ جہانگیر خان ترین اتوار کی شب لندن پہنچے جہاں وہ اپنا میڈیکل چیک اپ کرائیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ جہانگیر ترین کا لندن میں ایک ہفتہ قیام متوقع ہے اور ان کی لندن میں ن لیگی قیادت سے ملاقات کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین لندن کے نواحی علاقے میں اپنے فارم ہاو¿س میں قیام پذیر رہیں گے۔استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے میڈیاپر نمائندگی کیلئے پارٹی کے ترجمان مقرر کر دئیے۔جہانگیر ترین نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ اسحاق خاکوانی، نعمان لنگڑیال، سعید اکبر نوانی اور فردوس عاشق اعوان کو میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی کیلئے ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مراد راس اور خرم حمیدروکھڑی بھی استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن