• news

جناح ہائوس جلانے والے کو گڈٖٹو سی یو نہ کہا جاتا تو آج ہم شرمندہ نہ ہوتے: مریم اورنگزیب

لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی‘ خبر نگار) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت میں گڈ ٹو سی یو، گڈ لک نہ کہا جاتا تو 9 مئی کے واقعات پر آج ہم شرمندہ نہ ہوتے۔ واقعات میں ملوث افراد کو ریلیف دینے والے بھی مجرم ہیں، ملوث لوگوں کو مثال بنانا پڑے گا۔ جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس میں جلی ہوئی تصاویر دیکھیں، ایسا کوئی محب وطن شخص نہیں کر سکتا، یہ وہ فارن فنڈنگ ہے جو 2013ء سے متحرک ہے، یہ اسی کا نتیجہ ہے، ماسٹر مائنڈ کا تو پتا چل گیا ہے۔ نو مئی کا منصوبہ زمان پارک میں بیٹھ کر بنایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے گھر بیٹھ کر جناح ہاؤس جلایا۔ کہتا ہے میں تو جیل میں تھا۔ اس نے نوجوانوں کو نفرت کی آگ میں جھونکا ہے۔ شہداء کی یادگاروں، ایمبولینس کو جلایا گیا، اب انسانی حقوق کی بات کی جا رہی ہے۔ نو مئی کے سانحہ کو کسی کی سیاست سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ ریاست کی ریڈ لائن کو پار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نو مئی واقعات کے منصوبہ ساز محب وطن نہیں ہو سکتے، سہولت کاری کرنے والے بھی اس جرم کا حصہ ہیں۔ ٹیریان کے والد سے کہوں گی اعمال ٹھیک ہوں تو کوئی مائنس نہیں ہوتا۔ نواز شریف کو مائنس  کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ مائنس نہیں ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا اب کوئی وزیراعظم قانون سے مستثنیٰ نہیں ہو گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا ورکرز کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ رپورٹرز بلکہ کیمرہ مین بھی فوائد حاصل کریں گے۔ دو ہفتے میں میکنزم بنا کر ہیلتھ کارڈ کو یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی سمیت اپنے چار سال کے معاملات کا جواب دینا ہے۔ انہیں ماضی‘ حال اور حتیٰ کہ مستقبل کے گناہوں سے بھی استثنیٰ مل گیا ہے۔ 9 مئی کے سانحے میں ملوث کسی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ جناح ہاؤس کے معاملے پر ایک قومی ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ ریڈ لائنز ریاست کی بھی ہوتی ہیں۔ لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگست میں آئینی مدت ختم ہونے کے بعد نگران حکومت آ جائے گی۔ مسلم لیگ ن نوازشریف کی قیادت میں الیکشن کی تیاری کررہی ہے۔ مریم نواز نے انتخابی جلسے شروع کردیئے ہیں، الیکشن کمیشن تاریخ دے گا تو انتخابات کرا دیں گے۔  الیکشن میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا۔ نوازشریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہوگئے ہیں۔ جو گیدڑ لیڈر بننے کی کوشش کرے اسے عوام مائنس کردیتے ہیں۔ ادھار کی پارٹی بالکل ایسے ہی بکھرتی ہے جیسے پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی۔ نوجوانوں کے پلان گذشتہ دور میں روک دئیے گئے تھے جو اب دوبارہ شروع کیے ہیں۔ قوم نفرت، فساد سے تھک چکی ہے۔ اب ہمیں قوم کو جوڑنے اور اتحاد کی ضرورت ہے اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اتحاد اور ترقی کر کے دکھائی۔ 2013ء سے 2018ء والے دور کی دوبارہ بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں آنے والے ایسے ہی ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں۔ الیکشن میں اتحاد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم وقت آنے پر اس حوالے سے قیادت مشاورت کر کے کوئی فیصلہ کرے گی۔ عوام کے اندر جڑیں مضبوط ہوں تو کسی کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا۔ استحکام پاکستان پارٹی مسلم لیگ ن کی بی ٹیم نہیں ہے۔ البتہ سیاسی اتحاد کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ مسلم لیگ ن عوام سے مینڈیٹ لیکر اقتدار میں آئے گی۔ میری تو خواہش ہے کہ نواز شریف ابھی پاکستان واپس آ جائیں۔ عمران ریاض سمیت کسی کا بھی لاپتہ ہونا قابل قبول نہیں ہے۔ ہم تمام متعلقہ حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔ لاہور میں میٹ دی پریس میں سیکرٹری انفارمیشن سہیل احمد خان‘ پرنسپل انفارمیشن افسر مبشر حسن‘ سیکرٹری انفارمیشن پنجاب علی نواز اعوان اور ڈی جی پریس انفارمیشن لاہور شفقت عباس نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پٹرول اور گندم کی قیمتیں کم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس کا فائدہ عوام کو مل سکے۔ موجودہ بجٹ معیشث اور روزگار کے ویژن کو مدنظر رکھ کر دیا گیا ہے جس میں زراعت اور ٹیوب ویل کے لئے نہ صرف پیسے ترسیل کئے گئے ہیں بلکہ اس پر خرچ بھی ہوں گے۔ معروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر عاصمہ بٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اور فلم کیلئے بجٹ مختص کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن