• news

دورہ ملتان، ہمیں کوئی ہینڈل نہیں کررہا، اپنا کام خود کررہے ہیں : محسن نقوی

لاہور ( نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے  ملتان کے نشتر ہسپتال ٹو، سرائے نشتر ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ و توسیعی ایمرجنسی بلاک اور کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دورے کئے۔ محسن نقوی نے سرائے نشتر ہسپتال کا افتتاح کیا اور سرکٹ ہاؤس میں تاجروں اور وکلاء  کے وفود سے ملاقات کی۔ نشتر ہسپتال ٹو کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم اپنا کام خود کر رہے ہیں۔ ہمیں کوئی ہینڈل نہیں کر رہا۔ ڈویلپمنٹ کیلئے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔ نشتر ٹو ہسپتال ملتان اور گرد و نواح کے عوام کی اشد ضرورت ہے، اس ہسپتال کو ستمبر تک سو فیصد سٹاف کے ساتھ فنکشنل کر دیا جائے گا۔ نئے ہسپتال کو فعال کرنے کیلئے پرانے نشتر ہسپتال سے سٹاف نہیں لیا جائے گا۔ بھرتیوں پر پابندی ہے، الیکشن کمیشن نے ڈاکٹروں کی بھرتی کی اجازت دی اور نشتر ٹو کے لئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ نشتر ٹو کا سنگ بنیاد وزیراعظم شہباز شریف نے رکھا تھا، افتتاح پر انہیں ساتھ لائیں گے۔ ملتان میں اگلے ماہ تک کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا توسیعی منصوبہ بھی مکمل فنکشنل ہوگا۔ چلڈرن ہسپتال کی نئی ایمرجنسی مخیر حضرات کے اشتراک سے جلد بنائی جائے گی۔ ملتان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت بھی اگست کے آخر تک فعال ہو جائے گی۔ ملتان کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بجٹ دے کر مکمل کریں گے۔ محسن نقوی نے کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کپاس کو سنڈیوںکے حملے سے بچانے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ضروری مشینری کیلئے ایک ارب روپے کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ محسن نقوی نے ملتان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نئے توسیعی پراجیکٹ کے مختلف شعبوں‘ ایمرجنسی بلاک کے زیر تکمیل منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے مریضوں سے بھی گفتگو کی۔ مریضوں اور تیمارداروں کے لئے واٹر کولر کے پانی کو بھی چیک کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں سے دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ ملتان کی تاجر برادری نے نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ مارکیٹوں کی بندش کے بارے میں تاجر برادری سے مشاورت کی جائے گی۔ تاجر معاشرے کا اہم حصہ ہیں، مسائل حل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کے مطالبے پر غور کیا جائے گا۔ محسن نقوی سے ملتان، وہاڑی اور لودھراں کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے ایک کروڑ روپے، وہاڑی اور لودھراں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے لئے 50،50 لاکھ روپے کی گرانٹ کے چیک دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن