موبی لنک بینک کاویژن بلڈنگ فیوچر سے اشتراک
لاہور( کامرس رپورٹر) موبی لنک بینک نے مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے اپنے جاری مشن کے تحت ویژن-بلڈنگ فیوچر (وی بی ایف) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد مختلف اقدامات کے ذریعے مالیاتی شعبے میں موجود عدم مساوات کو دور کرنا ہے۔ اپنے فلیگ شپ پروگرام ویمن انسپریشنل نیٹ ورک (WIN) کے تحت موبی لنک بینکنگ سہولیات سے محروم آبادی بالخصوص خواتین کے لیے جدید ڈیجیٹل اور مالیاتی حل متعارف کروا کر انہیں مالی رسائی کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ اس تعلق کو مزید بڑھانے کے لیے بینک وی بی ایف سے مستفید افراد کو 'بنت ہوا' پروڈکٹ پیش کرے گا، جس سے خواتین کو بااختیار بنایا جائے گا اور ان کی مالی خود مختاری کی جانب راہ ہموار ہوگی۔موبی لنک بینک،ویون (VEON) گروپ کا حصہ ہے، جو ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے اور سات ممالک میں بھرپور کنیکٹوٹی اور آن لائن خدمات فراہم کرتا ہے۔ ویون گروپ زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل شمولیت کے مواقع کے ساتھ ان ممالک میں معاشی ترقی کو فروغ دے کر لوگوں کی زندگیاں تبدیل کررہا ہے جو دنیا کی آبادی کا 8فیصد حصہ ہیں۔ وڑن-بلڈنگ فیوچر (وی بی ایف) نوجوانوں کی زیر قیادت ایک نمایاں ادارہ ہے جو تعلیمی نظام میں گہرے خلا کو بھرنے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور صنفی امتیاز کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کے لئے کوشاں ہے۔ تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی، صنف، اور سماجی شمولیت، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ وی بی ایف نے قابل ذکر کاوشیں کرکے تقریبا 8000 اساتذہ کو تربیت دی ہے۔