ایمرجنگ ویمنز ایشیائی ٹونٹی کپ، پاکستان نے نیپال کو شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں طوبی حسن اور سیدہ عروب شاہ کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پاکستانی ویمنز ٹیم کو نیپال اپنے پہلے میچ میں9رنز سے ہرا دیا۔ ہانگ کانگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم 19.2اوورز میں 87رنز بناکر آئوٹ ہوگئی‘جواب میں نیپال کی ٹیم 6وکٹوں پر 78رنز بناسکی ۔نیپال کی کپتان روبینہ چیتری نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی طرف سے پہلے ہی اوور میں ایمان فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے کبیتا کنور کی گیند پر آئوٹ ہوگئیں۔32کے مجموعی سکور پر کبیتا جوشی نے اپنے ایک ہی اوور میں صدف شمس 12اور نتالیہ پرویز( صفر )کو آئوٹ کردیا۔گل فیروزہ 11 ،ناجیہہ علوی 5 اور ام ہانی ایک رن بنا سکیں۔کپتان فاطمہ ثنا 16‘رنز شوال ذوالفقار28 رنز بناسکیں۔ اندو برما نے6رنز دیکر3وکٹیں حاصل کیں،کبیتا جوشی ‘ کبیتا کنور اور سیتا رانا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستانی بائولر ز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے نیپالی ٹیم نہ ٹک سکی اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت مضبوط بنادی۔ آخری اوور میں نیپال کو جیتنے کیلئے 17رنز درکار تھے لیکن کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف 7رنز دیئے ۔کبیتا کنور 20رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہیں،سیدہ عروب شاہ ،طوبیٰ حسن نے دو ‘دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔نیپال کی کبیتا کنور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ کل ہانگ کانگ کیخلاف کھیلے گی۔