امریکہ، پاکستان کو آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک کی امداد فراہمی میں کردار ادا کرے :رکن کانگریس
واشنگٹن (آئی این پی + این این آئی) امریکی وزیر خزانہ جینیٹ یلین نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف)پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان نمائندگان میں کیا جب رکن کانگریس آل گرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے امداد کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔ ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس مین آل گرین نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سیلاب سے متاثر ہے، گلوبل وارمنگ کو امریکا مسترد کرسکتا ہے مگر پاکستان اسے جھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت امداد کی شدید ضرورت ہے۔امریکی سینٹر ایمی کلوبرچر نے بھی کہا ہے کہ وہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی فراہمی کے لیے کردار ادا کریں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستانی امریکن طاہر جاوید کی رہائش گاہ پر عشائیہ میں شرکت کے موقع پر کہی۔ٹیکساس اسمبلی کے پاکستانی امریکن رکن ڈاکٹر سلمان لالانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔رکن کانگریس ایمی کلوبرچر نے کہا کہ اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان نہ صرف امریکا بلکہ اقوام عالم کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔واضح رہے کہ امریکی رکن کانگریس آل گرین نے بھی امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے امداد کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔