راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری،مقامی وسائل استعمال کئے جائیں گے : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے مقامی وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کو جلد فنکشنل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمارٹ سٹیز کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا رہے ہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹس سے امن عامہ میں بہتری آئے گی اور شہریوں میں احساس تحفظ بڑھے گا۔ سیف سٹی پراجیکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل ضروری ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ نگران وزیراعلیٰ نے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کے دوران کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے زیرتعمیر پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹاو¿ن، فیصل ٹاو¿ن، جوہر ٹاو¿ن، ٹاو¿ن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے۔ روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔ پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کو کم از کم وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلی نے پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔ قبل ازیں محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں کی سکیورٹی میں بہتری لانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہور سمیت5 شہروں میں اربن ڈسپنسریوں کی بحالی اور تعمیر ومرمت کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے اور اے سی، پنکھے، واٹر کولر فنکشنل ہونے چاہئیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ اینستھبزیالوجسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ کم آمدن والے لوگوں کی سہولت کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیلئے 100ایمبولینس مہیاکردی گئی ہیں جبکہ112مزید دی جائیں گی۔