عالمی بنک پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر، فرانس 18 کروڑ یورو دے گا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) عالمی بنک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ رقم سے پچپن لاکھ متاثرین کو فائدہ پہنچے گا۔ عالمی بنک کے مطابق یہ رقم سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی۔ رقم خیبر پی کے کے سیلاب متاثرین پر خرچ کی جائے گی۔ عالمی بنک کے مطابق رقم 55 لاکھ متاثرین کو فائدہ پہنچے گا۔ فنڈز خیبر پی کے کے دیہی علاقوں کی تعمیروترقی کیلئے بھی استعمال ہو سکیں گے۔ پاکستان اور فرانس کے درمیان کریڈٹ سہولت کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت فرانس 18 کروڑ یورو کا قرضہ فراہم کرے گا۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور فرانس کے درمیان قرض کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت فرانس نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے منصوبوں کیلئے 18 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔ کریڈٹ سہولت کے معاہدہ پر فرانسیسی سفیر نکولس گلی اور کنٹری ڈائریکٹر فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی فلپ اسٹیشن میٹز اور پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور نے دستخط کئے۔ وزارت اقتصادی امور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 18 کروڑ یورو کا قرض نرم شرائط پر مبنی ہے جس سے سیالکوٹ‘ عارف والا اور وہاڑی میں بجلی کی ترسیل کی صلاحیت کو بڑھایا جائے۔