• news

سازش، جھوٹا پراپیگنڈا ہوا تو کون سرمایہ کاری کرے گا ، وزیراعظم 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، 9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور شرمسار کیا ہے، جو قومیں شہداءاور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے، روس سے 45 ہزار ٹن سستا خام تیل پہنچ گیا، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، معاہدہ جلد ہو جائے گا، اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم جولائی سے دوبارہ شروع ہو جائے گی، حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی) روڈ کے ازسرنو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم نے آئی جے پی روڈ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔ سابق حکومت نے جاری منصوبے بھی ٹھپ کر دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءاور غازیوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں۔ جو قومیں اپنے شہداءاور غازیوں کو بھول جائیں وہ زندہ نہیں رہتیں، 9 مئی کے واقعات نے قوم کو رنجیدہ اور شرمسار کیا ہے، شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے نام سے منصوبے کو منسوب کرنے کا مقصد قوم کو شہداءکی عظیم قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے میٹرو اسلام آباد منصوبہ بند کردیا تھا، ہم نے آتے ہی بحال کردیا، تاخیر کے شکار دیگر منصوبے بھی جولائی میں مکمل کئے جائیں گے، بجلی سے چلنے والی بسیں بھی 15 جولائی تک پہنچ جائیں گی۔ 3 روٹس پر یہ میٹرو بسیں چل رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پرپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔ جعلی کاغذات لہرا کر اسے سائفر کا نام دیا گیا۔ عمران نیازی نے ملک کے وقار کو خاک میں ملانے کی کوشش کی، ملک کو بدنام کیا اور وقار کو نقصان پہنچایا۔ عمران نیازی نے پراپیگنڈا کیا کہ روس سے تعلقات کی وجہ سے میری حکومت گرائی گئی، حقائق نے تمام جھوٹے الزامات اور جھوٹے پراپیگنڈے کو زمین بوس کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل کا معاہدہ کیا ہے۔ 45ہزار ٹن خام تیل لے کر پہلا جہاز لنگر انداز ہو چکا ہے۔ عمران نیازی کے دور میں تو روس سے کچھ بھی نہیں منگوایا گیا تھا۔ روس سے آنے والا تیل عالمی مارکیٹ سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ، مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔ ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر کسی ملک میں معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔ اگر شورش، سازشیں اور جھوٹا پراپیگنڈا ہو گا اور قوم کو ورغلایا جائے گا تو کون باہر سے سرمایہ کاری کرے گا اور ملک کے اندر کوئی سرمایہ لگائے گا۔ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی پاسداری نہ کر کے ملک کو نقصان پہنچایا۔ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، معاہدہ جلد ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر کسی کے پاس کسی محکمے یا شخصیت کی کرپشن کے ثبوت ہیں تو پیش کرے، میں ان کی تحقیقات کرا¶ں گا۔ عمران نیازی نے اپوزیشن کو اپنے دور میں دیوار کے ساتھ لگایا، چور ڈاکو، چور ڈاکو کرتا رہا لیکن کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ اب توشہ خانہ میں قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے تو پراپیگنڈا کررہا ہے۔ عمران نیازی نے کرپشن کے الزامات لگائے لیکن ثبوت نہیں دیئے، عمران نیازی سمجھتے ہیں کہ ان پر کرپشن کے جھوٹے الزامات ہیں تو عدالت میں جائیں، اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ کرپشن کے الزامات لگا کر ماحول کو پراگندا نہ کیا جائے۔ ثبوت ہیں تو دیئے جائیں، جھوٹا پراپیگنڈا نہ کیا جائے۔ سابق حکومت کے دور میں ترکی کی کمپنی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبا و طالبات کے لئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز جولائی سے ہو گا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئی جے پی روڈ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام سے منسوب کردیا ہے۔ بدھ کو فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ تک کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی) روڈ کی از سر نو تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر اعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سابق ارکان قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار، انجم عقیل خان، ملک شکیل اعوان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ں کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل اور کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار موجود تھے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے الیونتھ ایونیو منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 7.2 کلومیٹر کا یہ منصوبہ دو مراحل میں 16 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے نتیجہ میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں کر لی گئی ہیں، لوگوں کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کی سربراہی میں کمیٹی صورتحال کی نگرانی کرے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ سیاسی تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس روابط میں تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، ترجیحی تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے ، توانائی، بینکاری، مالیاتی خدمات اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے آذربائیجان کی قیادت کے ساتھ بات چیت کروں گا۔ دوسری طرف وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر باکو آذربائیجان پہنچ گئے ہیں۔ آذربائیجان کے اول نائب وزیرِ اعظم یعقوب ایوبوف، نائب وزیرِ خارجہ النور مامادوف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور آذربایئجان میں پاکستان کے سفیر بلال حئی نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم کا وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد آذربائیجان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینر متحدہ قومی موومنٹ و ممبر قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت اور گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں خالد مقبول صدیقی نے بجٹ 24۔ 2023 میں سندھ، بالخصوص شہری علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن