• news

فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں فنکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے فلم، سٹیج اور ٹی وی آرٹسٹوں سے گفتگو میں کہی۔ فنکاروں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ اور ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات سے اظہار تشکر کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کی نمو کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ کے لئے دو ارب اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دشمن سے بھی اپنی بے مثال شجاعت اور بہادری کا اعتراف کرانے والے قوم کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام سے منسوب ایونیو کا افتتاح کرکے وزیراعظم شہباز شریف نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے بعد یہ قوم کی طرف سے اپنے شہداءاور غازیوں کو سلام اور شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو پیغام ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کی عزت اور تکریم کرتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی زاہد ملک کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



ای پیپر-دی نیشن