بجٹ: آئی ایم ایف نے یعض معاملات پر وضاحت مانگ لی، ٹیکسز،اخراجات پر تشویش: وزیر مملکت خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجٹ کے حوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے اور انہیں اخراجات، ٹیکسوں کے معاملے پر تشویش ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بہت سی چیزوں پر سوال اٹھائے ہیں جس پر اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر کے ساتھ ورچوئل بات چیت کی ہے۔ ہم نے آئی ایم ایف کو بجٹ کی حکمت عملی اور وژن سے آگاہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ بجٹ کا مقصد معاشی گروتھ لانا ہے۔ تاہم عالمی ادارے کے ساتھ سٹرٹیجک لیول پر بات چیت ہورہی ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اخراجات سمیت دیگر اعداد و شمار پر مزید تکنیکی بات ہوگی۔ آئی ایم ایف پاور ڈویژن اور سٹیٹ بینک حکام سے بھی بات چیت کرے گا۔ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ پر آئی ایم ایف سٹیٹ بینک سے بات کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے علاوہ کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔ پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا، صرف قانون میں گنجائش رکھی ہے، اگر ضرورت پڑی تو پیٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل کریں گے۔
وزیر مملکت خزانہ